کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان رواں ماہ ہی سابق وزیراعظم ہو جائیں گے کیونکہ قومی اسمبلی میں ان کے پاس اکثریت نہیں رہی۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کیخلاف آئین کی خلاف ورزی پر آرٹیکل چھ کی کارروائی بنتی ہے۔ حکمرانوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کی آڑ لیتے ہوئے آئینی عمل میں تاخیر کی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے اراکین پر زرا بھی اعتماد نہیں ہیں، اس لئے انھیں اسمبلی میں نہ لانے کی بات کی جا رہئ ہے۔ اراکین قومی اسمبلی کے گھروں پر حملے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان لوگوں کو اکسا رہے ہیں کہ اپنے ہی ارکان اسمبلی کے گھر والوں پر حملہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خود اپنے ممبران پر اعتماد نہیں ہے۔ جو لوگ عمران خان کے کیمپ میں بیٹھے ہیں، بھی وہ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے باوجود حکومت کے پاس نمبرز موجود نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے ناراض ارکان کی تعداد پندرہ سے کہیں زیادہ ہے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس قومی اسمبلی میں اکثریت نہیں رہی۔ وہ اسی ماہ سابق وزیر اعظم ہو جائیں گے۔ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کو وزارت کی بیماری لاحق ہے کہ انڈین یا اسرائیلی کابینہ میں بھی چلے جائیں گے۔ جس جس کابینہ میں موصوف وزیر رہے، وہ ہمیشہ ذلیل ہوا۔ وہ وزارت کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔