عمران خان کو خطرہ، اسلام آباد میں پولیس کا سرچ آپریشن

عمران خان کو خطرہ، اسلام آباد میں پولیس کا سرچ آپریشن
سابق وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرے کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گذشتہ رات بنی گالا اور اس کے اطراف میں سخت سرچ آپریشن کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ بنی گالا میں سرچ آپریشن سیکیورٹی کی صورتحال کو دیکھنے کیلئے کیا گیا تھا۔ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ اور بنی گالہ کی جانب آنے اور جانے والے افراد کی سخت چیکنگ کی۔ پولیس کی بھاری نفری اور سخت چیکنگ کو دیکھ کر تحریک انصاف کے ہزاروں کارکن خیموں سے باہر نکل آئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ تاہم پولیس حکام نے ان کو یقین دہانی کرائی کہ اس چینکگ کا مطلب ان کی گرفتاری نہیں بلکہ سیکیورٹی کی صورتحال کو چیک کرنا ہے۔ خیال رہے کہ حکام نے عمران خان کی جان کو خطرے کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس سے قبل بھی عمران خان پر پہلے بھی متعدد بار حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ کسی بھی ناخوشگور واقعہ کے پیش نظر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ 14 مئی کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ میرے خلاف سازش ہو رہی ہے کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔ اس سازش کا مجھے علم تھا۔ میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ویڈیو پوری قوم کے سامنے آئے گی۔ اس کے بعد 15 مئی کو فیصل آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے عوام سے ایک وعدہ لیا کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو دیکھ کر انصاف دلائیں گے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے قتل کی سازش سے قبل اپنی حکومت کا خاتمہ بھی ایک بیرونی اور اندرونی سازش کو قرار دیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔