وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بڑا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کیساتھ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہ نکلا تو پاکستانی معیشت کو بہتر کرنا معجزہ ہی ہو سکتا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے دو ٹوک بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری حکومت کو کام کرنے سے روکا گیا تو ہم اقتدار چھوڑ کر عوام سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری کارکردگی پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا جائے گا، اگر ہاتھ پائوں باندھ دیئے جائیں گے تو میں سیدھی اور صاف بات کروں گا کہ یہ سب کچھ پھر ذمہ داروں کو بھگتنا پڑے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے حوالے سے ساری مشاورت کو نواز شریف کی حمایت حاصل ہے۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام پر مہنگائی کا طوفان نہ توڑا جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ملک کو ان مشکل حالات سے نکال سکتے ہیں۔ لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو کام کرنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھا کر عوام کے منہ سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لیا جائے۔ آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات اور پاکستان کی بگڑتی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کیساتھ معاہدے کی ذمہ داری ہم پر عائد نہیں کی جا سکتی، یہ کام ہم نے نہیں کیا، ہم اس کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں لیکن اگر ناکامی ہوئی تو پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنا معجزہ ہی ہوگا۔