پی ٹی آئی احتجاج:کارکنان مینار پاکستان نہ پہنچ سکےتوکیاہوگا؟اہم خبرآگئی

پی ٹی آئی احتجاج:کارکنان مینار پاکستان نہ پہنچ سکےتوکیاہوگا؟اہم خبرآگئی
کیپشن: پی ٹی آئی احتجاج:مینار پاکستان جانےوالےتمام راستے سیل،رینجرز تعینات،انتظامیہ الرٹ

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں احتجاج کا معاملہ،احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی نے نئی حکم عملی تیار کرلی۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد کے ڈی چوک کے بعد آج لاہور کے مینار پاکستان پر احتجاجی مظاہرہ ہے۔ صوبائی حکومت نے احتجاج ناکام بنانے کے لیے اپنی تمام تیاریاں کرلی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان نہ پہنچنے کی صورت میں 6 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا،داتا دربار، راوی پل اور ریلوے سٹیشن کے سامنے احتجاج کیا جائے گا،3 مزید مقامات کا تعین کیا جا رہا ہے اگر کارکنان مینار پاکستان نہ پہنچ سکے تو 6 مقامات پر جمع ہوں گے،کارکنان 6 متعین مقامات پر اکٹھے ہو کر احتجاج کریں گے،پارٹی کی جانب سے کچھ دیر میں کارکنان کو ہدایت جاری کی جائے گی۔

مینار پاکستان کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز موجود 

پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی فرائض انجام دیں گے جبکہ پولیس ڈھائی سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے چکی ہے جبکہ انتظامیہ پہلے ہی مینار پاکستان کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا چکی ہے۔

لاہور میں آج 10 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے، پی ٹی آئی لاہور کی قیادت روپوش ہیں جبکہ ابتک شہر بھر میں 600 کارکنان گرفتار ہوچکے ہیں۔

آج مینار پاکستان پر بانی تحریک انصاف کی سالگرہ کا جلسہ منعقد کرنے کے اعلان پر بھی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے آزادی فلائی اوور پر کیمپ لگا دیا اور داتا دربار کے قریب روڈ بلاک کے لیے کنٹینر بھی پہنچا دیے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تاحال این او سی بھی جاری نہیں کیا گیا۔

لاہور میں گرفتار پی ٹی آئی کارکن شرپسند ڈیکلیئر، مزید 1590 کی گرفتاری کیلئے احکامات

گزشتہ روز لاہور میں پولیس نے احتجاج کے حوالے سے جن پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا ہے انہیں شرپسند عناصر ڈیکلیئر کردیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ پی ٹی آئی کے 1590 کارکنوں کی گرفتاری کےاحکامات بھی جاری کیے گئے۔

پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ کرکے رینجرز طلب کی جا چکی ہے۔ ادھر لاہور میں 6 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

لاہور سے اسلام آباد موٹروے جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے، بابو صابو انٹرچینج اور ٹھوکر نیاز بیگ انٹری پوائنٹ پر کنٹینرز لگنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بابوصابو انٹرچینج اور ٹھوکر نیاز بیگ پر واٹر کینن، قیدیوں کی وین اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے، موٹروے بند ہونے کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج اور ممکبہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ  ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز  کو تعینات کیا گیا ہے ۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے 4 شہروں لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی۔

حکومت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز بھی طلب کر لی ہے، راولپنڈی اور اٹک میں 4 اور 5 اکتوبر کے لیے رینجرز کی 6 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

اٹک میں فرنٹئیر کانسٹیبلری کی 10 پلاٹون بھی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اس کے علاوہ لاہور میں 5 اکتوبر کے لیے رینجرز کی 3 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پنجاب نے راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں 3 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی ہے، جس کا اطلاق جمعہ 4 اکتوبر سے اتوار 6 اکتوبر تک ہو گا۔

لاہور میں جمعرات 3 اکتوبر سے منگل 8 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ ہے، لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں پابندی کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔

محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے جبکہ رینجرز کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلے لکھے گئےتھے۔

 پی ٹی آئی کا احتجاج: لاہور پولیس کے ساتھ اینٹی رائٹ فورس بھی متحرک

شہر میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی تیاری، ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر لاہور پولیس کے ساتھ اینٹی رائٹ فورس بھی متحرک کر دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کسی بہکاوے میں آ کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہرگز مت کریں، امن عامہ میں رکاوٹ بننے والوں کو مقدمات اور جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سرکاری و شہری املاک اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، کسی بھی قسم کے احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس سمیت شہر بھر میں غیر مسلح اضافی نفری موجود ہے، ضرورت پڑنے پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

   شہر اقتدار میں فوج نے سکیورٹی سنبھال کر گشت شروع کردیا

پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گردونواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت شروع ہوگیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Watch Live Public News