پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024ء منظور کر لیا

پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024ء منظور کر لیا
سورس: ویب ڈیسک

(ویب ڈیسک )  (حیدر منیر ) پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024ء منظور کر لیا ہے۔ 

پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024ء منظور کیا تو دوسری جانب اپوزیشن نے بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے مستردکردیا، صحافیوں نے بھی پریس گیلری سے واک آئوٹ کرتے ہوئے احتجاج کیا، بل کا اطلاق الیکٹرونک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر ہوگا ، جبکہ صحافی تنظیموں نے اس بل کو کالا قانون قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور اس کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے

بل وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کیا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے بل کے اہم نکات اور اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیا، اپوزیشن کی بل کے حوالے سے تمام ترامیم مسترد کردی گئیں ، شور شرابے میں حکومت نے بل ایوان سے منظور کروا لیا،

اپوزیشن نے بل کو کالا قانون قرار دیا۔ ایوان کے اندر بھرپور احتجاج بھی کیا اور بل کی مختلف کلاز کو بھی ہدف تنقید بنایا، اپوزیشن لیڈر اور دیگر ارکان کاکہناتھاکہ یہ بل آزاد اظہار رائے پر قدغن ہے اور آئین کے کئی کلاز سے متصادم ہے، اپوزیشن نے بل کی کاپیاں پھاڑکرایوان میں لہرا دیں، صحافیوں نے بھی بل کے خلاف پریس گیلری سے واک آئوٹ کرکے اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا اور ملک گیر احتجاج کی کال دیدی،

دوسری طرف لاہور پریس کلب اور صحافی تنظیموں نے  اس قانون کو آمرانہ قراردےکر مسترد کردیا ہے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے عجلت میں بل پیش کر کے بدنیتی ظاہر کی ہے متنازعہ بل کو مسترد کرتے ہیں ہر محاذ پر احتجاج کریں گے ،اس بل کے خلاف تمام صحافتی تنظیمیں اے پی این ایس، سی پی این ای، ایمنڈ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ، پریس کلبزاور پریس گیلری کمیٹی ایک پیج پر ہیں۔اور ہر پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن کے شکر گزار ہیں وہ اس متنازع بل پر صحافیوں کے موقف کے حامی ہیں اور ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

ہتک عزت بل کا اطلاق الیکٹرونک پرنٹ اور سوشل میڈیا پر لاگو ہوگا ٹوئٹر، یوٹیوب، فیس بک اور انسٹا گرام پر عام شہری کی تضحیک آمیز ویڈیوز یا کردار کشی قابل گرفت ہوگی، بل کے تحت غلط خبر کردار کشی پر اس قانون کے تحت درخواست دائر کی جا سکے گی، کیس سننے کےلئے ٹربیونلز قائم کئے جائیں گے جو ایک سو اسی دنوں میں فیصلے کے پابند ہوں گے، آئینی عہدوں پر تعینات شخصیات کے کیسز ہائی کورٹ کے بنچ کے پاس سنے جائیں گے، تیس لاکھ روپے ہرجانہ تک کی پینلٹی اس قانون کے تحت دی جا سکے گی، 

پنجاب اسمبلی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر تعزیتی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی ایوان نے ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایرانی صدر کو خراج عقیدت پیش کیا، ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے اجلاس غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردیا۔

Watch Live Public News

پولیٹیکل رپورٹر