پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا گیا

پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا گیا
پانچ سال بعد پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں پانچ سال شامل رہنے کے بعدپاکستان کا نام اس فہرست سے نکال دیا گیا، تاہم پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا۔پاکستان نے فیٹف کے تمام اہداف پر مکمل عملدرآمد کیا۔ ایف اے ٹی کے صدر نے پریس کانفرنس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا۔ فیٹف لسٹ سے نکلنے کے بعد پاکستان کو غیر ملکی فنڈنگ میں آسانی رہے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان کو 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے گرے لسٹ میں شامل کیا تھا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے فاٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فاٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی ، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیاہے، فاٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ ، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک دی۔اس کے علاوہ افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارک دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں ، حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی طرح ایک بار پھر پاکستان کو فاٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئے، ’این آراو‘ کی تہمتیں برداشت کرکے قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن میں بھی ہم نے اس معاملے پر پورا تعاون کیا، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آج یہ کامیابی عطا فرمائی ، گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لئے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔