اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پاور اینڈ پٹرولیم ڈویژن تابش گوہر مستعفی، وزیر اعظم نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے سرکاری محکموں میں منظور نظر افسران کو نوازا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے پاور اور پٹرولیم ڈویژن تابش گوہر کا استعفی منظور کر لیا ہے ، ان کا استعفیٰ 20 ستمبر سے منظور کیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے تابش گوہر سے استعفیٰ مانگا تھا کیونکہ وہ ان کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے، تابش گوہر وفاقی وزیر توانائی کی پالیسی پر عمل درآمد میں رکاوٹیں کا ڈالتے رہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تابش گوہر پر پی ایس او، فیسکو اور پاور پلانٹس میں منظور نظر افسران تعینات کرانے کا الزام تھا، تابش گوہر نے فرنس آئل اور فیول پر بجلی کی پیداوار پر زور دیا جس کے باعث بجلی مہنگی ہوگی، تابش گوہر پاور جنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہتے تھے، تابش گوہر نے دباؤ ڈالنے کے لئے گزشتہ روز آئیکسو کا دورہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی تابش گوہر کی موجودگی سے ناخوش تھے اور اس حوالے سے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز ہونیوالی ملاقات میں ایک بار پھر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ، تابش گوہر پر یہ الزامات بھی تھے کہ انہوں نے پی ایس او، فیسکو اور مختلف پاور پلانٹس میں منظور نظر افسران تعینات کرائے ہیں۔