ویب ڈیسک :افغانستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 311 رنز بنائے جس کے جواب میں پروٹیز 34.2 اوورز میں صرف 134 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
افغان ٹیم کی جانب سے رحمت اللہ گرباز اور ریاض حسن نے اننگز کا آغاز کیا، ریاض 29 رنز پر آؤٹ ہوگئے، تیسرے نمبر پر آنے والے رحمت شاہ نے نصف سنچری اسکور کی، وہ 50 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
رحمت اللہ گرباز نے 110 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے جب کہ عظمت اللہ عمرزئی نے 50 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
پروٹیز کی جانب سے ابتدائی 4 بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
کپتان ٹمبا باؤما 38، ٹونی ڈی زورزی 31، ریزا ہینڈرکس 17، ایڈن مارکرم 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور وہ مین آف دی میچ قرار پائے، ننگیالیا خروٹے نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لنکی نگیڈی، ناندرے برگر، پیٹر اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔