پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کر لی

پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کر لی

اسلام آباد (پبلک نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں انکا کہنا تھا کہ ہم نے یہ مشین نیشنل انسٹیٹیوٹ میں تیار کی ہے جو دو حصوں پر مشتمل ہے.

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ایک حصے میں امیدواروں کے انتخابی نشانات آتے ہیں، جبکے دوسرا حصہ پرزائیڈنگ آفیسر کے پاس ہوتا ہے۔ جب ووٹر پولنگ بوتھ میں چلا جاتا ہے تو پرزائیڈنگ آفیسر ووٹر کو بٹن کے ذریعے یہ اجازت دیتا ہے کہ وہ جس نشان کو چاہے دبا سکے۔

انھوں نے بتایا کہ اس مشین پر الیکٹرانک اور مینوئل دونوں طریقوں سے ووٹنگ ہو سکے گی۔ جبکہ اس مشین کو نادرا اور دیگر اداروں کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ کے عمل کو اختیار کریں اور اس کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی بھی واضح ہدایات ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔