مساجد میں صرف ویکسین شدہ افراد کو جانے کی اجازت

مساجد میں صرف ویکسین شدہ افراد کو جانے کی اجازت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے ملک میں کورونا کا پھیلائو روکنے کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اب عبادت گاہوں اور مساجد میں صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی جانے کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر میں شدت اور کیسوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے تمام مساجد اور عبادت گاہوں کیلئے نئی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عبادت گاہوں اور مساجد میں نمازیوں کی حاضری کم رکھنے کی بھی ہدایات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مساجد سے قالین ہٹا دیئے جائیں جبکہ نمازیوں کو ماسک پہننا، 6 فٹ فاصلہ رکھنا اور سینی ٹائزر کرنا لازمی ہوگا۔ تاہم بزرگ افراد گھروں میں نماز کو ترجیح دیں۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مساجد کی کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں جبکہ ہوا کی آمدورفت کا بھی مناسب انتظام کیا جائے۔ اس کے علاوہ جمعہ کی نماز اور خطہ مختصر دورانیے کا ہوگا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 12 اموات ہوئیں جن میں سے 3 اموات وینٹیلیٹرز پر مریضوں کی تھیں۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ اموات پنجاب کے بعد اسلام آباد میں ریکارڈ کی گئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 540 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 12 فیصد، اسلام آباد میں 26 فیصد، لاہور میں 18 فیصد اور سرگودھا میں 8 فیصد مریض ہیں۔ اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے راولپنڈی میں 21 فیصد، فیصل آباد میں 18 فیصد، لاہور میں 36 فیصد اور اسلام آباد میں 24 فیصد مریض ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 58 ہزار 902 ٹیسٹس کئے گئے جن میں سے سندھ میں 15 ہزار 861، پنجاب میں 21 ہزار 253، خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 45، اسلام آباد میں 7 ہزار 78، بلوچستان میں 721، گلگت بلتستان میں 440، آزاد کشمیر میں 1 ہزار 504 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 67 ہزار 598 ہو چکی ہے۔ بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کووڈ کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں مختص وینٹیلیٹرز پر 115 مریض ہیں۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 63 ہزار 344 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 35 ہزار 130، بلوچستان میں 33 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 480، اسلام آباد میں 1 لاکھ 15 ہزار 939، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 83 ہزار 865، پنجاب میں 4 لاکھ 60 ہزار 335 اور سندھ میں 5 لاکھ 20 ہزار 415 مریض ہیں۔ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29 ہزار 77 ہو چکی ہے۔ جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 730 اموات جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 13 ہزار 100 جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 969 اموات جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1 مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔ اسلام آباد میں کل 975 اموات جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ بلوچستان میں کل 367 اموات، گلگت بلتستان میں 187 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 749 اموات ہو چکی ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ کے 2 کروڑ 44 لاکھ 74 ہزار 618 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے علاج کیلئے مختص 640 ہسپتالوں میں 1 ہزار 193 مریض زیر علاج ہیں۔