چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 7 افراد جاں بحق

چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 7 افراد جاں بحق
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں میں 6 افراد کا تعلق سندھ جبکہ ایک ہلاکت خیبر پختونخوا میں ہوئی۔ ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 22 ہزار 568 ٹیسٹ کیے گئے۔ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 732 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کیسز کی شرح 3.24 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا کے 158 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کیسز کی شرح سب سے زیادہ مظفر آباد میں 7.69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ پنجاب میں کورونا کے 130 نئے کیسز سامنے آئے۔ حالیہ اضافے سے صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 509,265 ہو چکی ہے۔ اب تک صوبے میں 494,074 مریض علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل 13,579 تعداد ہو چکی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 7495 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے۔ صوبہ بھر میں کورونا کےاب تک مجموعی طور پر 11,516,941 تشخیصی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سے کورونا کے 101 جبکہ راولپنڈی سے 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد سے 6، بھکر سے 3 جبکہ بہاولپور اور شیخوپورہ سے 2 دو کیسز رپورٹ ہوئے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملتان، جھنگ، بہاولنگر اور ننکانہ صاحب سے 1 ایک کیس رپورٹ ہوا۔ صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 1.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 4.0 فیصد، راولپنڈی سے 1.2 ریکارڈ کی گئی۔ فیصل آباد میں 0.8، بھکر سے 0.7 اور شیخوپورہ میں 0.8 فیصد جبکہ بہاولپور سے 2.3 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی۔ این سی او سی کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ علماء عید کے خطبے کا دورانیہ کم رکھیں تاکہ لوگ کم وقت کے لیے ایک جگہ قیام کریں۔ نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ بیمار، عمر رسیدہ افراد اور بچے عید کی نماز میں شرکت نہ کریں، نمازِ عید کے دوران نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ این سی او سی کی نئی گائیڈ لائنز کے مطابق عید الاضحیٰ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں، عید کی نماز کورونا پروٹوکولز پر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہ پر پڑھائی جائے۔ نئی گائیڈ لائنز میں این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ مساجد کے اندر عید کی نماز کے وقت تمام دروازے کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں اور ایک مقام پر 2 سے 3 دفعہ کم تعداد میں لوگوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھائی جائے۔ قربانی کے حوالے سے این سی او سی کا کہنا ہے کہ اجتماعی قربانیوں کے لیے کورونا پروٹوکرلز پر سختی سے عمل کیا جائے اور انفرادی کے بجائے اجتماعی قربانیاں کی جائیں۔ نئی گائیڈ لائنز میں این سی او سی نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ قربانی کی جگہ رہائشی علاقوں سے دور بنائی جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔