ویب ڈیسک: کراچی میں شاہراہ فیصل پر واقع کاشف سینٹر میں لگی آگ پر 6 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ہے، آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک درجن سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، بلڈنگ کی بالائی منزلوں پر کولنگ کا عمل بھی آخری مراحل میں داخل ہے۔
انچارچ ایمرجنسی جناح ہسپتال کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر 6 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
فائربریگیڈ نے بتایا کہ وائرنگ ڈگ میں آگ لگی، جو آٹھویں فلور سے دسویں فلور تک پہنچ گئی۔
فائربریگیڈ کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کے ابھی بلڈنگ موجود ہونے کی اطلاعات ہیں، اسنارکل کے ذریعے لوگوں کو عمارت سے نکالا جا رہا ہے۔
مزید بتایا کہ کاشف سینٹر کی عمارت 15 منزلوں پر مشتمل ہے۔
فائربریگیڈ کا کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر فوری فائربریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں، دعویٰ کیا کہ آگ کو مزید بڑھنے سے روک دیا گیا ہے۔
فائربریگیڈ کے مطابق ایک اسنارکل اور فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے فائر فائٹرز نے کاشف سینٹر میں لگی آگ پر قابو پانے میں معاونت کی، پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز اور عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
مزید بتایا کہ پاک بحریہ کے 5 فائر ٹینڈرز، اسنارکل اور تجربہ کار عملہ آگ پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے۔