ویب ڈیسک : اگر مجھے قتل کردیا گیا تو امید ہے امریکا ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا، امریکا کی صدارت کے لئے نامزد ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے عوامی ہمدردیاں جیتنے کے لئے الیکشن کا موضوع پھر ایران کی طرف موڑ دیا۔
امریکی صدارت کے لیے ریپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے حریف ایران کے خاتمے کا موضوع چھیڑ دیا ہے۔ جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ کا وہی آگ برساتا انداز دوبارہ سے دیکھنے میں آیا جس پر وہ اپنی مدت صدارت میں اعتماد کیا کرتے تھے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل نیٹ ورک پر لکھا "اگر انھوں نے صدر ٹرمپ کو قتل کر دیا اور یہ امکان ہمیشہ رہتا ہے، تو میں امید کرتا ہوں کہ امریکا … ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا۔ اگر ایسا نہ ہوا تو امریکی قیادت کو بزدل اور شجاعت سے خالی شمار کیا جائے گا"۔
ٹرمپ کی اس پوسٹ میں کانگریس میں اسرائیلی وزیر بنیامین نیتن یاہو کے خطاب کا وڈیو کلپ بھی منسلک کیا گیا ہے۔ اس میں نیتن یاہو نے ٹرمپ کو نشانہ بنانے والے منصوبے کے بارے میں دعویٰ کیا کہ یہ ایران کا تھا۔
گذشتہ ہفتے امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ سیکرٹ سروس کے اداروں نے حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ کے لیے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے ہیں۔ یہ پیش رفت سابق صدر کے قتل کے لیے ایرانی منصوبے کے "خطرے" کا انکشاف ہونے کے بعد سامنے آئی۔ البتہ یہ بھی باور کرایا گیا ہے کہ مذکورہ منصوبے کا ٹرمپ پر ہونے والے حالیہ قاتلانہ حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ٹرمپ کی تازہ پوسٹ نے لوگوں کو 2019 میں ان کی دھمکی کی یاد دلا دی ہے جب کرسی صدارت پر براجمان ٹرمپ نے کہا تھا کہ "اگر تہران نے کسی بھی امریکی چیز پر حملہ کیا تو وہ ایران کو مٹا ڈالیں گے۔
اس سے قبل ایرانی ذمے داران نے کہا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے بیچ سفارتی راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔