شرجیل انعام میمن کا صدر آصف علی زرداری کو 69ویں سالگرہ پر خراج تحسین

شرجیل انعام میمن کا صدر آصف علی زرداری کو 69ویں سالگرہ پر خراج تحسین
کیپشن: شرجیل انعام میمن کا صدر آصف علی زرداری کو 69ویں سالگرہ پر خراج تحسین

ویب ڈیسک: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو 69ویں سالگرہ پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری  اپنے کارکنان کے ساتھ ساتھ سیاسی مخالفین کے لیے بھی سیاست کی درس گاہ ہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آصف علی زرداری کا نام عظیم سیاست دانوں میں سرفہرست رہے گا۔ جو کچھ آصف علی زرداری نے پاکستان اور عوام کے لیے کیا ، وہ ان کے بلند تر سیاسی شعور کا مظہر ہے۔ 

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے کبھی ریاستی اداروں سے ٹکراؤکی پالیسی پر عمل نہیں کیا، ملک کو انتشار میں نہیں دھکیلا۔ شہید بھٹو، شہید بی بی  کے وژن اور صدر آصف علی زرداری کی کاوشوں سے پیپلز پارٹی نہ صرف پاکستان کے عوام کے اتحاد بلکہ ملکی یکجہتی کا ایک ادارہ ہے۔ صدر آصف علی زرداری  کو سیاسی شعور ورثہ میں ملا ، جسے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ کی وجہ سے جلا ملی۔ 

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کا شمار تاریخ میں ان رہنماوں میں کیا جائے گا ، جن کی سیاسی روایات مدتوں رائج رہیں گی۔ بغیر کسی  جرم کے 12 سال  قید کاٹنے والے بہادر لیڈر نے انتہائی نازک وقت میں پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر پاکستان کو بچایا۔ پاکستان کی عدلیہ سمیت تمام ریاستی اداروں کا  صدر آصف علی زرداری نے احترام کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کبھی نہیں کہا کہ وہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں، لہذا ان پر پاکستان کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔ 

شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھ اکہ 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعہ صدر آصف علی زرداری نے زیادہ سے زیادہ صوبائی خود مختاری دی، چھوٹی وفاقی اکائیوں کا احساس محرومی ختم ہوگیا اور وفاق پاکستان مضبوط ہوا۔ صدر آصف علی زرداری نے شمال مغربی سرحدی صوبہ  کو خیبرپختونخوا کا نام دے کر اس وفاقی اکائی کو ایک شناخت دی۔ 

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے 2009  میں گلگت بلتستان ریفارمز کے ذریعہ ان علاقوں کو بھی پہلی مرتبہ ایک اکائی کے طور پر شناخت دی۔ صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے آغاز حقوق، CPEC، BISP،  جیسے پروگرام شروع کئے، صدارتی  اختیارات سونپ  کر پارلیمنٹ کو مضبوط کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے سیاسی قوتوں  کے آپسی  لڑائیوں کے بجائے جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لیے مل کر کام کرنے کے لئے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سیاسی شعور، تدبر، استقامت اور جدوجہد  کے نتیجے میں صدر آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر ہونے کا اعزاز ملا ہے۔ یہ اعزاز کسی اور کو نہیں ملا۔ سیاسی قوتوں سے مفاہمت کے ساتھ ساتھ صدر آصف علی زرداری نے غیر سیاسی قوتوں یا اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ کا راستہ بھی اختیار نہیں کیا اور نہ ہی کسی قسم کی مہم جوئی کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  ٹکرا ؤ اور تلخی والی جس روایتی سیاست کی مخالفت کر رہے ہیں، وہ  مفاہمتی سیاست کا تسلسل ہے۔

Watch Live Public News