ویب ڈیسک:( جواد ملک )دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق سنگاپور مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والا ملک ہے جب کہ امریکہ کی رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور پاکستان رینکنگ میں 100ویں نمبر پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2024 کی رینکنگ میں سنگاپور بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جہاں کا پاسپورٹ رکھنے والے دنیا کے 195 ممالک اور خود مختار خطوں کا سفر بغیر ویزا کے کر سکتے ہیں۔
فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں کو 192 ملکوں اور مقامات پر بغیر ویزا جانے کی اجازت ہے۔
اسی طرح آسٹریلیا، فن لینڈ، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، سوئیڈن، جنوبی کوریا اور لگسمبرگ کے پاسپورٹس دنیا کے 191 ممالک اور مقامات پر ویزا فری انٹری کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹ کی درجہ بندی زیادہ سے زیادہ مقامات کی ویزا فری انٹری کی بنیاد پر کی گئی ہے جب کہ اس کے لیے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سے بھی ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔
دنیا کے مضبوط پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کی فہرست میں برطانیہ، بیلجیئم، ڈنمارک، نیوزی لینڈ، ناروے اور سوئٹزرلینڈ چوتھے نمبر پر ہیں جہاں کے شہری 190 ممالک اور مقامات کا بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کا 100واں نمبر
مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان نیچے سے چوتھے نمبر پر ہے جب کہ درجہ بندی میں اس کا 100واں نمبر ہے۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کا بھی اس فہرست میں 100واں نمبر ہے۔
پاکستان کے بعد دنیا کے سب سے کمزور پاسپورٹس رکھنے والے تین ممالک ہیں جن میں عراق کا 101واں، شام کا 102 اور افغانستان سب سے آخر 103واں نمبر ہے۔
پاکستان کے شہریوں کو 33 ممالک یا مقامات پر ویزا آن آرائیول کی سہولت دستیاب ہے جب کہ 13 ملک یا مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستان کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دی جاتی ہے۔
دنیا کے 152 ملک ایسے ہیں جہاں جانے کے لیے پاکستان کے شہریوں کو ویزا لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
خطے کے دیگر ممالک میں بھارت اس فہرست میں 82 ویں نمبر پر، بنگلہ دیش 97، ایران 94، چین 59 اور مالدیپ 52ویں نمبر پر ہے۔
امریکہ کی رینکنگ میں تنزلی
امریکہ دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والے ملکوں کی فہرست میں ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں سے واپس آٹھویں نمبر پر چلا گیا ہے۔
امریکہ نے جنوری 2024 میں مضبوط پاسپورٹ رکھنے والے ملکوں کی عالمی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی اور لگ بھگ چھ ماہ بعد اس کی رینکنگ میں واپس ایک درجہ تنزلی ہو گئی ہے جس کی وجہ امریکہ کے لیے ویزا فری ممالک یا مقامات کی تعداد کا 186 ہونا ہے۔
ایک دہائی قبل امریکہ اور برطانیہ مشترکہ طور پر عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھے جس کے بعد امریکہ مسلسل تنزلی کے ساتھ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر چلا گیا تھا۔
امریکہ کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دنیا کے 227 ممالک یا مقامات میں سے 186 پر بغیر ویزا رسائی حاصل ہے۔