’ لگتا ہے ن لیگ شہبازشریف کو لیڈر نہیں مانتی‘

’ لگتا ہے ن لیگ شہبازشریف کو لیڈر نہیں مانتی‘
اسلام آباد ( پبلک نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انہوں نے قرضے لے کر پاور پلانٹ لگائے ٗ ساہیوال میں کوئلے کا پلانٹ لگایا جہاں کوئلہ نہیں ہوتا ٗ علاقہ کو شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہیں ٗ ان کی وجہ سے ہمیں آئی پی پیز کو نو سو ارب روپے کی سالانہ ادائیگی کرنی پڑتی ہے ٗ 2023 میں ہمیں بجلی گھروں کو پندرہ سو ارب روپے ادا کرنے ہیں۔قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اسوقت تیس ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت ہے لیکن چوبیس ہزار میگاواٹ سے زیادہ ترسیل نہیں کر سکتے کون ذمہ دار ہے ٗ اٹھارویں ترمیم کے بعد وسائل کا بڑا حصہ صوبوں کو جاتا ہے ٗ دو سال میں سولہ سے سترہ سو ارب روپے سندھ کو صرف این ایف سی میں سے دئیے گئے ٗ گرانٹس کی مد میں علیحدہ رقم دی گئی ٗ سندھ حکومت نے کیا کیا ٗ یہ پیسہ کہاں گیا؟۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پیسہ لندن، کینیڈا، امریکہ ل، پیرس اور دوبئی چلا گیا ٗ دو خاندان ہیں ایک یہاں سے ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے ٗ عمران خان نے آ کر ملکی معیشت کو ایک سمت دی ٗکورونا میں ہم نے حفاظتی سامان خود بنانا شروع کر دیا ہے ٗ ملکی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی رفتار کم ہوتے ہوتے رک گئی ہے ٗ اپوزیشن کی کوئی لیڈرشپ نہیں ہے ٗ اپوزیشن بکھرا ہوا ایک گروہ ہے ٗ اپوزیشن ایک منصوبہ بندی کے تحت اگلے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دے رہی ہے ٗ ان کو پتہ چل گیا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی عمران خان ہوگا ٗ یہ آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں اپنی تجاویز دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری 49 تجاویز کوئی صحیفہ نہیں ان پر بات ہوسکتی ہے ٗ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں ٗ الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں تاکہ رات کا رزلٹ صبح تک تاخیر کا شکار نہ ہو ٗ ن لیگ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہیں مگر فیصلے کوئی اور کرتا ہے ٗ لگتا ہے ن لیگ شہبازشریف کو لیڈر نہیں مانتی ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پہلے اپنے اندر اتحاد لائیں اور ہم سے مزاکرات کریں ٗ عدالتی اور انتخابی اصلاحات پر بات کریں ٗ ججز کی تعیناتی پر حکومت اور اپوزیشن بیٹھے ٗ ججز کے بنچ بنانے کے طریقہ کار پر اپوزیشن بات کرے ٗ پارلیمانی کمیٹی میں اس حوالے سے سے اپوزیشن نے نام نہیں دیئے ٗ اگر بجٹ غلط ہے تواپوزیشن اپنا بجٹ لے آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان پر جتنی تنقید کرے گی ان کا گراف بلند ہوگا ٗ اپوزیشن اپنی تجاویز لیکر اے مگر یہ ابھی تک تجاویز نہیں لائے ٗ یہ ایوان لوگوں کے مسائل حل کرے لوگوں کو اس کا پتہ چلنا چاہیے ٗ اپوزیشن حکومت پر تنقید کرے مگر مثبت تجاویز دے ٗ بتاے کیسے آگے بڑھیں قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہیں ٗ آئیے مل کر پاکستان کو آگے لیکر چلتے ہیں۔

Watch Live Public News