عازمین حج کیلئے سعودی عرب نے ہدایات جاری کر دیں

عازمین حج کیلئے سعودی عرب نے ہدایات جاری کر دیں

پبلک نیوز: عازمین حج کے لیے سعودی عرب کی ہدایات جاری، وزارت صحت سعودی عرب نے امسال اندرون ملک اور بیرون مملکت سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے لیے منظورشدہ کورونا ویکسین کی شرط عائد کردی ہے۔

امسال حج 1442 ہجری بمطابق 2021 کے لیے وزارت صحت سعودی عرب کی جانب سے مقرر کیے جانے والے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ اندرون مملکت سے جو حج کے لیے جانا چاہتے ہیں انہیں چاہئے وہ ذوالحجہ سے قبل کورونا ویکسینیشن کا کورس مکمل کر لیں۔

بیرون ملک سے آنے والے عازمین کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہو گا

بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کے لیے بھی لازمی ہوگا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظورشدہ کورونا ویکسین لگوائے جانے کا مصدقہ ثبوت پیش کریں جس میں اس امر کی وضاحت کی گئی ہو کہ مملکت آمد سے کم از کم 2 ہفتے قبل کورونا ویکسین کا کورس مکمل کیاگیاہے۔

مقررہ ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ حج سیزن میں کام کرنے والوں کے لیے بھی لازمی ہوگا کہ وہ مملکت میں منظورشدہ کورونا ویکسین کی خوراک حاصل کرچکے ہوں۔ حج سیزن میں کام کرنے والے مستقل طورپر ماسک لگانے کے پابند ہوں گے۔ امسال حج کے لیے مقررہ ضوابط کے مطابق مملکت آنے سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل کا ’پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔

مملکت سعودی عرب میں پہنچنے والے عازمین حج کو 72 گھنٹے کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا جس کے 48 گھنٹے بعد مقررہ و منظور شدہ فیلڈ سروس کی ٹیمیں عازمین کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کریں گی۔ ذوالحجہ سے قبل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 60 فیصد تک مقررہ عمر(18 سے 60 برس) کی حد کے لوگوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔