کراچی (پبلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاوس کراچی میں ملاقات کی۔ صوبے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں امن و امان، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی نمائندوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے شروع کئے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت وشنید اور افہام و تفہیم سے ممکن بنایا جا رہا ہے۔