کراچی: 2 شادیاں کرنےوالے نوجوان کی پراسرارخودکشی، لاش تاحال نہ مل سکی

کراچی: 2 شادیاں کرنےوالے نوجوان کی پراسرارخودکشی، لاش تاحال نہ مل سکی
کیپشن: Karachi: Mysterious suicide of a young man who had 2 marriages, the body has not been found yet

ویب ڈیسک: معاشی تنگی یا گھریلو ناچاقی؟ کراچی میں 2 شادیاں کرنے والے نوجوان نے سمندر میں کود کر پراسرار خودکشی کرلی۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے لاش کی تلاش جاری ہے تاہم نوجوان کی لاش تاحال نہیں مل سکی ہے۔ 

اس حوالے سے نوجوان کے والد محمود کا کہنا ہے کہ 27 سالہ طاہر محمود آن لائن ٹیکسی چلاتا ہے، طاہر نے دو شادیاں کی تھیں، وہ دو بچیوں کا باپ ہے۔

والد محمود نے کہا کہ دو میں سے ایک بیٹی کا انتقال ہو چکا ہے، رات گئے بہو نے روتے ہوئے فون کیا اور کہا طاہر سی ویو پر ہے ہمیں فوری وہاں جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راستے میں بہو نے بتایا طاہر نے سمندر میں جاتے ہوئے ویڈیو کال کی تھی، بتایا کہ میں خودکشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو، وہ جب سے لاپتہ ہے، معلوم نہیں کیا ہوا ہے۔

نوجوان کے والد محمود نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم سمندر میں تلاش بھی کر رہی ہے، رات کو اندھیرے کی وجہ سے صبح آپریشن شروع کیا گیا، پولیس بھی موقع پر موجود ہے۔

ایدھی بحری خدمات ٹیم کے ممبر فاروق کی میڈیا سے گفتگو:

ایدھی بحری خدمات ٹیم کے ممبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات چار بجے کے قریب کنٹرول پر اطلاع ملی تھی کہ کسی نے سمندر میں خودکشی کی ہے۔ ہماری ٹیم صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب سی ویو پہنچ گئی تھی۔ سمندر میں لہریں اور ہوا کافی تیز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے سی ویو اور اطراف میں تلاش کیا ہمیں کچھ نہیں ملا۔ اگر نوجوان نے خودکشی کی ہے تو شاید لاش زمین سے لگی ہوئی ہوگی۔ جب لاش سمندر اگلے گی تو باہر آئے گی۔ تیز لہروں اور ہوا کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی وجہ سے ہم سمندر میں جانے کے بعد واپس سی ویو نہیں آسکے۔ ہم نے اپنی بوٹ چائنہ پورٹ پر کھڑی کی تھی۔ کچھ دیر میں لاپتہ نوجوان کی دوبارہ تلاش شروع کریں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طاہر محمود نے سمندر میں چھلانگ لگائی یا نہیں، حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ڈرائیور طاہر محمود کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو بحری خدمات کی ٹیمیں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ صبح سویرے شروع ہونیوالا آپریشن کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ طاہر محمود کے اہلخانہ ، ریسکیو اور پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طاہر محمود کے ڈوبنے کی صورت میں ممکنہ طور پر لاش دو روز میں سطح سمندر پر آسکتی ہے۔

Watch Live Public News