مینار پاکستان واقعہ : 34 ملزمان جنوبی پنجاب سے پکڑے گئے

مینار پاکستان واقعہ : 34 ملزمان جنوبی پنجاب سے پکڑے گئے
لاہور ( پبلک نیوز) ٹک ٹاکر عائشہ اکرام ہراسانی کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے جب مزید 34 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے، ان افراد کی گرفتاری جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہوئی ہے جن کی نشاندہی پہلے سے گرفتار ہونے والے افراد نے کی تھی، ہراسانی کیس میں اب تک گرفتار ہونے والوں کی تعداد 126 ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان پر جشن آزادی کے موقع پر ٹک ٹاکر عائشہ اکرام ہراسانی کیس کا دائرہ کار جنوبی پنجاب تک پہنچ گیا ہے، پولیس نے ویڈیو کی مدد سے گزشتہ دنوں درجنوں افراد کو گرفتار کیا اور انہیں عدالت میں بھی پیش کیا گیا جس کے بعد اب نئی پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے مزید 34 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ یہ ملزمان جشن آزادی کے موقع پر لاہور میں سیر کیلئے آئے تھے اور ان میں سے کچھ لوگ لاہور میں مزدوری اور ذاتی کمپنیوں میں ملازمت بھی کرتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس تقریباً ان تمام افراد تک پہنچنے میں کامیاب ہو چکی ہے جنہوں نےہراسانی کے اس قبیح عمل میں حصہ لیا تھا۔

Watch Live Public News