لاہور: (ویب ڈیسک) آپ مہنگائی، گھریلو لڑائی جھگڑوں، باس کے غصے یا دیگر نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہے تو پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں کیونکہ پاکستان میں پہلی بار اپنی نوعیت کی پہلی ایسی ڈگری پڑھانے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے لوگ خوش رہنا سیکھ سکیں گے۔ اس انوکھے ڈگری پروگرام کی شروعات لاہور کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کی ہے۔ اس کے تحت لوگوں کو ایسے طریقے سکھائیں جائیں گے جس سے وہ اپنی زندگی میں خوش رہ سکیں گے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس ڈگری کا نام ”ماسٹرز آف ہیپی نیس” یعنی خوشی کی یہ ماسٹرز ڈگری ہے، اس کی مدت 2 سال رکھی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے اس ڈگری پروگرام پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں نیگیٹو طرز عمل بہت زیادہ ہے، اس منفی رویے کو ختم کرنے کیلئے خوشی پڑھانا بہت ضروری ہے۔ اس ڈگری کے ذریعے طلبہ وطالبات کو زندگی میں خوش رہنے کے تمام اسرار ورموز پڑھائیں جائیں گے جبکہ اس فیکلٹی میں ڈاکٹرز، ٹرینرز، فزیکل ٹرینرز اور نفسیاتی ماہرین شامل ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کالا شاہ کاکو کیمپس میں اس انوکھی ڈگری کا باقاعدہ ایک شعبہ مختص ہوگا۔ اس ڈگری کو حاصل کرنے والے طلبہ ماہرین خوشی کہلائیں گے۔