وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی ہے ، جس کا ٹارگٹ ہائی ویلیو تھا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی ، اسلام آباد پولیس نے فرض شناسی کا شاندار مظاہرہ کیا اور تلاشی کے عمل کے دوران ہی خود کش بمبار نے خود کو اڑا لیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں 2 خودکش بمبار تھے، دھماکے میں دونوں دہشتگرد ہلاک ہوئے جب کہ تلاشی کے عمل کے دوران ہی ایک پولیس اہلکار شہید بھی ہو گیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی کا ٹارگٹ ہائی ویلیو تھا لیکن پولیس اہلکاروں کی فرض شناسی کے باعث ہی اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا ہے ،میں فرض شناسی پر اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ خیال رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹن فور میں بیرونی روڈ پر خود کش دھماکا ہوا تھا۔ ترجمان پولیس کے مطابق دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ تھی، چیکنگ چل رہی تھی کہ اسی دوران پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو تلاشی کے لیے روکا، گاڑی رُکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔ دھماکے میں مشکوک گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہو گیا تھا . ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق گاڑی میں ایک مرد اور ایک عورت سوار تھی۔ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔اس دھماکے میں ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہو گئے تھے ۔