آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہوں گے، شیخ رشید

آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہوں گے، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہوں گے، قوم کو صرف عدلیہ سے ہی توقع ہے باقی سب سے مایوسی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہاہے کہ عدلیہ ہی اس ملک کو بحران سے نکالے گی اور چوروں کو آئین کے شکنجے میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی پریس کانفرنس قوم سے بیہودہ مذاق تھی، غریب قحط سے مر گیا ہے مہنگائی کا جن حکومت کو کھا جائے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی صدر بھی کہتی ہے امیروں کو سبسڈی دی ہے۔ 13پارٹیاں کسی صورت الیکشن نہیں چاہتیں صرف عمران خان الیکشن چاہتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ آل شریف، زرداری، فضل الرحمان کے علاوہ سب پاکستان کے لیے پریشان ہیں، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ لاہور نے جیل بھروتحریک کا حق ادا کردیا، آج 2 بجے لیاقت باغ پریس کلب میں خطاب کروں گا۔ گذشتہ روز شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا پانچواں اور ایشیا کا پہلا مقروض ترین ملک ہے، 75 سالوں میں وزیر خا رجاوں نے جتنے دورے کیے بلاول نے اکیلے کیے ہیں اور موج میلے منا رہا ہے، وزیر پیٹرولیم آذربائیجان میں ادھار تیل اور ایل این جی کے لیے دھکے کھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا گھی نایاب اور حکومت نیب افسروں کی تبدیلیوں میں لگی ہوئی ہے، آج جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گا، آبپارہ پولیس نے پنجاب کے علاقے میں میرے گھر میں ڈکیتی کی اور میرا سامان چوری کیا اور پرچہ بھی مجھ پر دے دیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔