انتخابات میں مبینہ دھاندلی : سپریم کورٹ میں فل کورٹ بنائی جائے، شوکت بسرا کا مطالبہ

انتخابات میں مبینہ دھاندلی : سپریم کورٹ میں فل کورٹ بنائی جائے، شوکت بسرا کا مطالبہ

 (ویب ڈیسک ) پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 تمام دھاندلیوں کی ماں ہے۔ عوام کو بتایا گیا کہ ان کی حیثیت کیڑے مکوڑوں سے زائد نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف  ( پی ٹی آئی ) کے رہنماء شوکت بسرا  نے پریس کانفرنس  کرتے  ہوئے کہا کہ  الیکشن 2024 تمام دھاندلیوں کی ماں ہے، میں اب تک 5 الیکشن لڑ چکا ہوں، جو عوام کے منہ پر تھپڑ اس بار مارا گیا پہلے نہ ہوا، عوام کو بتایا گیا کہ ان کی حیثیت کیڑے مکوڑوں سے زائد نہیں۔

شوکت بسرا نے کہا کہ  مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ میں فل کورٹ بنائی جائے لیکن قاضی فائز عیسی اس میں نہ بیٹھیں، چیف جسٹس کے بارے میں کمشنر راولپنڈی نے ملوث ہونے کا بیان دیا۔ ہمیں پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کے سب سے بڑے قاضی کا احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ  قوم نے مینڈیٹ عمران خان کو دیا ہے، کہتے تھے عمران خان کا ووٹ صرف سوشل میڈیا پر ہے، ہماری پارٹی توڑ دی گئی لوگوں سے پریس کانفرنس کروائی گئی، 8 دن پہلے مجھے مور کا نشان ملا اس کے باوجود مجھے 1 لاکھ ووٹ دیا گیا، تیسرے نمبر پر آمر ضیاء الحق کا بیٹا ہے جس کو جتوا دیا گیا۔

شوکت بسرا نے  کہا کہ  قاضی فائز عیسی کی عدالت میں گیا مجھے روک دیا گیا، میں کہنا چاہتا تھا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دھاندلہ ہوا، میں اس دھاندلے کا براہ راست متاثر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ  تمام آئینی عہدوں پر بیٹھے لوگوں سے مطالبہ کرتا ہوں، آپ سب قرآن پاک پر حلف دیں گے پاکستان میں دھاندلی نہیں ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ  ہماری 80 سیٹوں پر ڈاکا ڈالا گیا، دھاندلی کرنے والے تمام آر اوز کے خلاف ہم ایف آئی آرز جمع کروانے جا رہے ہیں، تمام آر او دفاتر کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، پتہ چلے آر او آفس میں کون آتا رہا کون جاتا رہا۔

شوکت بسرا نے کہا کہ  یہ دھاندلی زدہ اور ڈاکے والی اسمبلیاں زیادہ دیر نہیں چل سکیں گی، دھونس دھاندلی کی وجہ سے صحافیوں پر بھی بات کرنے پر پابندی ہے۔انہو ں نے کہا کہ  مجھے نہیں پتہ میں باہر نکلوں گا تو میرے ساتھ کیا ہوگا۔

Watch Live Public News