(ویب ڈیسک ) جماعت اسلامی اورضلعی انتظامیہ میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ۔جاعت اسلامی کو 3 روز تک دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت مل گئی۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی،آر پی او راولپنڈی،سی پی او راولپنڈی شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کو دو سے تین روز تک دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت دیدی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی ٹریفک بلاک کیے بغیر دھرنا جاری رکھ سکتی ہے، جماعت اسلامی کے شرکاء مری روڈ پر ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل نہیں ڈالیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہمارا حق ہے، گرفتار کارکن رہا کیے جائیں، آئی پی پیز کو مسلط کر رکھا ہے، اربوں روپے کھائے جا رہے ہیں، دھرنے کا ابھی آغاز ہوا ہے انشا اللّٰہ ہم یہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئی پی پیز ہم پر مسلط کرتے ہیں اوپر سے گرفتاریاں بھی کرتے ہو، یہ دھرنے کا اختتام یا ٹھہراؤ نہیں بلکہ ابتداء ہے، ہم مختلف جگہوں پر بیٹھیں گے، پورے پاکستان میں دھرنے دیں گے۔