ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہیں، چیف الیکشن کمشنر جعلی حکومت سے ہدایات لے رہے ہیں.
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے سب سے بڑے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہیں، سپریم کورٹ نے واضح لکھا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد پر لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو اپنے تمام غیر آئینی اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وقت پر انتخابات نہ کرانا،بلے کا نشان چھیننا، لیول پلیئنگ فیلڈ، مخصوص نشستیں نہ دینا چیف الیکشن کمشنر کی کارستانیاں ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور ساتھ دینے والوں کو استعفیٰ دینا چاہیے،عسکری حکام کے ساتھ پی ٹی آئی کے مسائل کی وجہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ہمیں برا ثابت کر کے خود اچھا بننا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت ڈلیور نہیں کر پارہی اس لیے محاذ آرائی کر رہی ہے، سیاسی انتشار پیدا کر کے اپنی نااہلی چھپا رہے ہیں۔الیکشن کمیشن اور مینڈیٹ چور سرکار کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔