چیمپئنز ٹرافی:پاک بھارت ٹاکرا،آج بابراعظم کے کرئیرکا تاریخی دن

چیمپئنز ٹرافی:پاک بھارت ٹاکرا،آج بابراعظم کے کرئیرکا تاریخی دن
کیپشن: چیمپئنز ٹرافی:پاک بھارت ٹاکرا،آج بابراعظم کے کرئیرکا تاریخی دن

ویب ڈیسک :آج   پاکستان کو ٹائٹل کی دوڑ میں باقی رہنا ہے تو بابر اعظم کو بھی اس تاریخی سٹیج پر اپنے کریئر کی بقا ڈھونڈنا ہو گی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سپن کو کھیلنا پیس کے خلاف بلے بازی سے کہیں بڑا آرٹ ہے۔ سابق پاکستانی کپتان کے قدم پھر بھی سپنرز کی اندر آتی گیند کو دیکھتے ہی ڈولنے لگتے ہیں۔

پاکستان کا المیہ مگر یہ ہے کہ عہد حاضر میں اس کا سب سے بڑا آرٹسٹ سپن پڑھنے سے چُوک جاتا ہے گو کہ پیس کے خلاف ابھی بھی بابر اعظم کی مہارت قابلِ رشک ہے۔

اندر آتی گیند بھلے وہ گگلی ہو، بھلے آف بریک، ہمیشہ بابر اعظم کے لیے دشوار رہتی ہے۔ دونوں انڈین سپنرز کلدیپ یادیو اور واشنگٹن سندر گو سبھی پاکستانی بلے بازوں کا امتحان ہوں گے مگر سب سے کڑی آزمائش بابر اعظم کی ہو گی۔

 بی بی سی کا کہنا ہے کہ بتدائی کرئیر میں بابر اعظم سپن کے علاوہ پیس سے نمٹنے کو بھی غیر روایتی طریقے اپنایا کرتے تھے۔ جہاں ان کے گھٹنوں کی لچک سٹانس کے بدلاؤ میں مددگار ہوتی تو سبک قدمی انھیں گیند کی پچ تک پہنچنے میں معاون ثابت ہوا کرتی۔

پچھلے دو برس جن آف فیلڈ معاملات سے وہ گزرے ہیں، اب وہ لچک نہ صرف ان کے گھٹنوں سے غائب ہو گئی بلکہ اپروچ سے بھی کچھ ماند سی ہوئی ہے۔

جو پاپڑ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی پانے کو پی سی بی نے بیلے ہیں اور جو روڑے اسے رکوانے کو انڈیا نے اٹکائے ہیں، وہاں اب اس سے بڑی ستم ظریفی اور کیا ہو گی کہ جو انڈیا سب کچھ کر کے بھی چیمپیئنز ٹرافی کو پاکستان سے نہیں نکال پایا، وہ اب پاکستان کو ہی چیمپیئنز ٹرافی سے نکال باہر کر دے۔