لاہور (پبلک نیوز ) جوہر ٹائون لاہور میں ہونے والے بم دھماکے کی ابتدائی تفصیلات کے مطابق دھماکہ بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا اور موٹر سائیکل یا رکشہ کے حوالے سے ابھی تک حتمی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹائون میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تفصیلات آ گئی ہیں ٗ یہ دھماکہ ایک گھر میں ہوا ٗ دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مگر حیران کن طور پر ابھی تک اس کے محرکات کے حوالے سے متضاد اطلاعات آرہی ہیں ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ گھر کے باہر ایک نامعلوم شخص موٹر سائیکل کھڑی کر کے گیا اور پھر وہ ایک دھماکے سے پھٹ گئی ٗ جبکہ کچھ ذرائع سےیہ خبریں آرہی ہے کہ یہ ایک گیس بم دھماکے کی وجہ سے ہوا۔ایک دوسرے عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک رکشے میں ہوا جس میں ممکنہ طور پر با رودی مواد تھا ۔پولیس سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے یہاں پہنچ چکے ہیں ٗ دھماکے کی نوعیت کا حتمی تعین ابھی نہیں ہو سکا ہے ۔ ہسپتال میں جو زخمی لائے گئے ہیں ان میں دو بچے ٗ ایک خاتون اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔15 افراد میں سے پانچ کی حالت تشویشناک تھی جس میں دو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔