(ویب ڈیسک ) پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں، ہمیں عام آدمی کے ریلیف کے لیے آگے بڑھنا ہوگا،ہمیں کسان کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ہمیں ملک کے غریب سے غریب شہری کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، ہمیں پاکستان اور قوم کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔
قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے آصفہ بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام بہتری کے مستحق ہیں، ہمیں بہتر کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ایسے وقت میں جب لوگ اپنے نظریاتی عقائد میں تقسیم ہیں، جب اختلافات کو ہتھیار بنا دیا جاتا ہے، اختلاف رائے کو تشدد سے حل کیا جاتا ہے، یہ ضروری ہے کہ ہم اس ایوان کے منتخب اراکین کی حیثیت سے اٹھیں اور اس پر بات کریں۔
انہوں نے کہاکہ رواداری کو تقریروں اور الفاظ تک محدود نہیں ہونا چاہیے، ہمیں اس پر عمل کرنا چاہیے، ہمیں تفرقہ انگیز سیاست کو مسترد کرنا چاہیے، عوام کے لیے اکٹھا ہونا چاہیے۔ ہمیں مل کر لوگوں کو ریلیف دینے کا راستہ تلاش کرنا ہے۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ اس وقت لوگ شدید گرمی میں دن میں 15 گھنٹے بجلی کے بغیر مشکلات کا شکار ہیں۔ کسان اس وقت مشکلات کا شکار ہیں اسکا حل تلاش کرنا ہوگا ،ہمیں اپنے انسانی وسائل کو ترقی دینے کے لئے استعمال کرنا چاہے۔ہمیں ایسے طریقے تلاش کرنے چاہئیں جن سے غریب لوگوں کو براہ راست ریلیف ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم سیاست میں ایک نیا دور دیکھنے کے قابل ہوں گے۔ میں ایک نئی شروعات کی امید کرتی ہوں جو ہمیں ملک اور اس کے شہریوں کی خوشحالی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔