جسٹس یحییٰ آفریدی نئے چیف جسٹس آف پاکستان نامزد

جسٹس یحییٰ آفریدی نئے چیف جسٹس آف پاکستان نامزد

ویب ڈیسک:26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد  نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی کی اکثریت سےجسٹس یحییٰ آفریدی کو  چیف جسٹس پاکستان نامزد کردیا، جسٹس یحییٰ آفریدی کو ملک کا اگلا چیف جسٹس  نامزد  کیا گیا، وہ اگلے 3 سال کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے،پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں 8 ارکان نے مسٹر   جسٹس یحییٰ آفریدی کےنام پر اتفاق کیا جبکہ جمعیت علما اسلام کے رکن سینیٹر کامران نے اختلاف کیا ہے۔

کمیٹی کے تین رکن سینیٹر علی ظفر، ایم این اے حامد رضا اور بیرسٹر علی گوہر نے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی، آٹھ ارکان کی منظور دو تہائی ارکان کی منظوری ہے جو قانون کے مطابق نئے چیف جسٹس کے تقرر کیلئے لازمی تھی۔ 

ذرائع ابلاغ کے مطابق تاریخ میں پہلی بار پارلیمان کی خصوصی کمیٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کی ہے، اس سے قبل جو چیف جسٹس منتخب ہوتے تھے وہ سینیارٹی کی بنیاد پر ہوتے تھے، اس بار تین سینیئر ترین ججز کے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کئے گئے تھے۔

اجلاس میں راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک،سید نوید قمر،کامران مرتضیٰ، رعناانصار، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ  اور خواجہ آصف  شریک ہوئے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پاکستان نامزد کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News