نیا چیف جسٹس کون ؟ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ شروع

نیا چیف جسٹس کون ؟ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ شروع

(ویب ڈیسک ) 26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد  نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس  دوبارہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اس سے  قبل  پی ٹی آئی نے   اجلاس میں بیٹھنے سے انکارکردیا۔ اسپیکر ایاز صادق اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے جا کر پی ٹی آئی کے ارکان کو منانے کی کوشش کی تھی۔

خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوا، اجلاس کے بائیکاٹ کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان کیلئے نشستیں موجود ہیں، اجلاس میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا کی نشستیں لگائی گئی ہیں، تمام 12  اراکین کی نیم پلیٹس بھی لگائی گئی ہے۔

اجلاس میں راجا پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک، کامران مرتضیٰ، رعنا انصار ، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف بھی موجود ہیں ۔

اس سے قبل 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر کو شروع ہوا تھا ، جو کچھ ہی دیر بعد ساڑھے 8 بجے تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ   رجسٹرار سپریم کورٹ نے 3 نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں 3سینئر ججز کی تفصیلات کمیٹی کو ارسال کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کو بھیجے جانے والوں ناموں میں  جسٹس منصور علی شاہ ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ  رجسٹرار کے ذریعے چیف جسٹس سے نام مانگے گئے تھے۔

Watch Live Public News