راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سپاہی شہید ہوگئے ہیں ۔ پاک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر حملہ کیا، فوجی دستوں نے دہشت گردوں کی کارروائی کا فوری اور موثر جواب دیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 سپاہی شہید ہوگئے ہیں ، شہدا میں 20 سالہ سپاہی ظہور خان شامل ہے،جن کا تعلق لوئر دیر سے تھا، 23 سالہ سپاہی رحیم گل بھی شہدا میں شامل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل میر علی میں ہی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گرایا تھا، جس کی شناخت الطاف کے نام سے ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔