بلے کا نشان برقرار، پی ٹی آئی کو 20 روز میں دوبارہ انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم

بلے کا نشان برقرار، پی ٹی آئی کو 20 روز میں دوبارہ انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا بلے کا نشان برقرار رکھتے ہوئے 20 روز میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ ای سی پی نے فیصلے میں تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، پاکستان تحریک انصاف 20 روز کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کروائے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کے بعد 7 روز کے اندر رپورٹ جمع کروائے، پارٹی الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان کیلئے نااہل ہوگی۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق 13 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے الیکشن آئین و قانون کے مطابق کرائے، الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی انتخابات آئین کے مطابق نہیں ہوئے بلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں، ہم ‏ الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔