ویب ڈیسک:(جوادملک) فلم دنگل کی کہانی کے اصل کردار پھوگٹ خاندان کی خاتون پہلوان ببیتا پھوگٹ نے کہا ہے کہ ان کے خاندان کو فلم بنانے کے حقوق کے عوض محض ایک کروڑ روپے دئیے گئے تھے جبکہ فلم نے عالمی باکس آفس پر2 ہزار کروڑ روپے کمائے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق ببیتا پھوگٹ جو اب پہلوانی سے سیاست کی دنیا میں قدم رکھ چکی ہیں نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ میرے والد (مہاویر سنگھ پھوگاٹ) نے صرف ایک بات کہی تھی، 'ہم لوگوں کی عزت اور محبت چاہتے ہیں۔ باقی سب چھوڑو۔''
یادرہے نتیش تیواری کی 2016 کی بلاک بسٹر فلم دنگل، جس میں مسٹر پریفکشنسٹ عامر خان نے اداکاری کی تھی پھوگٹ خاندان کی زندگیوں کی کہانی پر فلمائی گئی تھی۔
ببیتا نے انکشاف کیا کہ عامر خان کے بطور پروڈیوسر بورڈ میں آنے سے پہلے ہی ان کو فلم کی کمائی کا 10 فیصد دینے کی ڈیل ٹوٹ گئی تھی ۔
ببیتا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دنگل کی زبردست تجارتی کامیابی کے بعد، ان کے والد نے عامر کی ٹیم کو تجویز پیش کی کہ وہ ہریانہ میں ایک ریسلنگ اکیڈمی کھولیں۔ " لیکن انہوں نے نہ ہاں کہی نہ ناں اور اکیڈمی کی بیل بھی منڈھے نہ چڑھ سکی
دنگل کے بارے میں سدھارتھ رائے کپور اور عامر خان پروڈکشنز کے تعاون سے تیار کردہ، فلم دنگل میں عامر نے مہاویر سنگھ پھوگٹ، فاطمہ ثنا شیخ اور زائرہ وسیم نے گیتا پھوگٹ، اور سانیا ملہوترا اور سوہانی بھٹناگر نے ببیتا پھوگٹ کا کردار ادا کیا تھا۔جبکہ ساکشی تنور نے پھوگٹ بہنوں کی ماں کا کردار ادا کیا۔ اسے بھارتی سنیما کی اب تک کی سب سے بڑی عالمی ہٹ فلم تصور کیا جاتا ہے۔