گوجرخان ( پبلک نیوز) جائیداد کا تنازعہ 2 زندگیاں نگل گیا۔ تھانہ جاتلی کی حدود میں بھتیجے نے فائرنگ کر 2 پھوپھیوں کو قتل کر دیا۔ ملزم ساتھیوں کے ہمراہ فرار۔ تفصیلات کے مطابق جائیداد کے تنازعہ نے دو زندگیاں نگل لیں۔ تھانہ جاتلی کی حدود میں دوہرے قتل کی اندوہناک واردات ہوئی۔ دلاور نامی ملزم نے ساتھیوں سے مل کر اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کر کے اپنی دو سگی پھوپھیوں کو قتل کر دیا۔ واقعہ تھانہ جاتلی کے علاقہ داتا بھٹ میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت زہرہ زوجہ فضل کریم اور شہلا بی بی زوجہ صغیر کے ناموں سے ہوئی۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ جاتلی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کیں جہاں پر پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں حوالے ورثاء کر دی گئیں۔ تفتیشی افسر انور جاوید نے پبلک نیوز کو بتایا کہ جائیداد کے تنازعہ پر واقعہ پیش آیا۔ ملزم دلاور نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے پھوپھیوں کو قتل کیا۔ مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔