ویب ڈیسک: لندن میں آج صبح مشقوں کے دوران فوجی گھوڑے اپنی پناہ گاہ سے اندھا دھند دوڑتے ہوئے شہر کے وسط میں پہنچ گئے جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا۔
سکائی نیوز کے مطابق گھوڑے کاروں سے ٹکرائے اور ایک بس کی ونڈ سکرین توڑ دی۔ ان میں سے ایک گھوڑا خون میں لت پت تھا۔
دو گھوڑوں کو زینوں اور لگاموں کے ساتھ الڈ وِچ کے قریب سڑک پر بغیر سوار کے دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’آج صبح معمول کی مشق کے دوران فوجی گھوڑوں کی ایک بڑی تعداد نے دوڑیں لگا دیں۔
ترجمان نے کہا کہ ’اب تمام گھوڑے کیمپ میں واپس آ گئے ہیں۔ متعدد اہلکار اور گھوڑے زخمی ہوئے ہیں اور انہیں مناسب طبی امداد دی جا رہی ہے۔‘
سٹی آف لندن پولیس نے کہا کہ انہیں آج صبح 8.30 بجے کے قریب ایک کال موصول ہوئی اور یہ کہ دو گھوڑے لائم ہاؤس کے قریب ہائی وے پر پکڑے گئے ہیں۔ بعد میں انہیں ویٹرنری کیئر حاصل کرنے کے لیے لے جایا گیا۔
میٹروپولیٹن پولیس نے صبح 10.30 بجے ایک بیان میں کہا کہ تمام گھوڑوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ تمام گھوڑوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔ ہم فوج کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایمبولینس جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی تھی۔‘
لندن ایمبولینس سروس کے ترجمان نے کہا کہ ’ہمیں آج صبح 8:25 پر بکنگھم پیلس روڈ پر ایک شخص کو گھوڑے سے پھینکے جانے کی اطلاع پر بلایا گیا۔
’ہم نے جائے وقوعہ پر امدادی ٹیموں کو بھیجا جن میں ایمبولینس کا عملہ، فاسٹ رسپانس کار میں ایک پیرامیڈک، اور ایک واقعہ رسپانس آفیسر شامل تھے۔‘
’ہمارا پہلا پیرامیڈک پانچ منٹ میں جائے وقوعہ پر تھا۔ ہم نے جائے وقوعہ پر ایک مریض کا علاج کیا اور اسے ہسپتال لے گئے۔‘