ویب ڈیسک: شام کے باغیوں کی تنظیم تحریر الشام کا کنٹرول پورے شام میں مضبوط ہوچکا ہے، باغیوں کی جانب سے سرکاری فوج کو عام معافی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مرکزی بینک نے شہریوں کو دلاسہ دیا ہے کہ ان کا بینکوں میں سرمایہ محفوظ ہے۔
تحریر الشام کے رہنما نے ابو محمد الجولانی نے اقتدار کی منتقلی میں تعاون کے لیے سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ اقتدار کی منتقلی کے دوران پرانی حکومت کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
کمانڈر ابو محمد جولانی نے عبوری حکومت کی کمان محمد البشیر کو سونپ دی۔
مغربی ممالک کی جانب سے شام میں اقتدار کی پرامن منتقلی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور تمام فریقین سے تحمل سے آگے بڑھنے کی درخِواست کی ہے جبکہ حکومت کا تختہ الٹنے والے باغیوں نے تمام فوجیوں کیلئے عام معافی کا اعلان کر دیا ہے۔
موجودہ ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ تمام فوجیوں کی زندگیاں محفوظ ہیں اور کوئی بھی انہیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
حکومت پر کنٹرول حاصل کرتے ہی باغیوں کو اب اپوزیشن کا نام دے دیا گیا ہے۔
روس نے شام میں بدلتی صورتحال کے پیش نظر اب باغیوں کو دہشتگرد کے بجائے اپوزیشن کہہ کر پکارنا شروع کر دیا ہے۔
اس سے قبل روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف بھی باغیوں کو دہشتگرد کہہ کر پکارتے تھے مگر اب روس کے حکام اور میڈیا کے بیانیے میں واضح تبدیلی آ چکی ہے۔
محمد البشیر کون ہیں؟

محمد البشیر نے 2007 میں حلب یونیورسٹی سے شعبہ مواصلات میں الیکٹریکل اور الیکٹرانک انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 2011 میں شامی گیس کمپنی سے منسلک گیس پلانٹ میں پریزیشن انسٹرومینٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر کام کیا۔ وہ اڑھائی سال وزارت اوقاف میں تعلیم، تربیت و رہنمائی میں امور شریعہ کے ڈائریکٹر بھی رہے۔
سالویشن گورنمنٹ میں ان کے پروفائل کے مطابق انہوں نے 2021 میں "ادلب" یونیورسٹی سے شریعہ اور قانون میں ڈگری حاصل کی اور منصوبہ بندی اور انتظامی تنظیم کے اصولوں میں سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔ محمد البشیر سالویشن گورنمنٹ میں 2022 اور 2023 میں ترقی اور انسانی امور کے وزیر رہے۔ وہ 1983 میں ادلب گورنری کے جنوب میں جبل الزاویہ میں پیدا ہوئے۔
سالویشن گورنمنٹ ’’ھیئہ تحریر الشام‘‘ کی حمایت سے دو نومبر 2017 کو 11 وزارتی محکموں سے تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہی اس وقت محمد الشیخ کر رہے تھے۔ سالویشن آرمی نے ادلب گورنری، شمالی حماہ کے دیہی علاقوں میں زندگی کے مختلف شعبوں کو کنٹرول کیا تھا۔
مرکزی بینک کی کھاتہ داروں کو سرمایہ محفوظ ہونے کی یقین دہانی:
شام کے مرکزی بنک نے ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کھاتہ داروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا بنکوں میں پڑا سرمایہ محفوظ ہے۔ اس لیے وہ بنکوں سےلین دین کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔ مرکزی بنک کی طرف سے کھاتہ داروں کو اطیمنان دلانے کے لیے یہ بات پیر کے روز کہی گئی ہے۔
مرکزی بنک کا یہ بیان ملک میں مسلح اپوزیشن کا بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹ کر خود اقتدار پر قبضہ کرنے کے ایک غیر معمولی واقعے کے سلسلے میں سامنے آیا ہے۔ مرکزی بنک کی ہدایت کمرشل بنکوں کویہ ہدایت بھی کی جاچکی ہے کہ آج منگل کے روز سے اپنا معمول کا کام شروع کر دیں۔
مرکزی بنک کے بیان میں کہا گیا ہے' ہم یقین دلاتے ہیں کہ شہری ملک کے تمام بنکوں کے ساتھ اپنے لین دین کا سلسلہ بلا خوف جاری جاری رکھیں۔ شہریوں کے ان بنکوں میں بچتی کھاتے اور سرمایہ کسی بھی نقصان سے مکمل محفوظ ہے۔'
شام کے مرکزی بنک کا یہ بیان پیر کے روز فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے سامنے آیا ہے۔