کابل پر قبضہ کے بعد طالبان سے امریکہ کا پہلا رابطہ، طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر سے سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز کی کابل میں ملاقات۔ امریکی خبر رساں ادارہ واشنگٹں پوسٹ کے مطابق ملاقات میں تازہ صورتحال، امریکہ و دیگر ممالک اور افغان شہریوں کے انخلا پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کا محور کابل سے شہری انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع کا معاملہ رہا۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد فریقین کا پہلا اعلیٰ سطح کا رابطہ ہے۔ فاکس نیوز اور این بی سی نے بھی ملاقات کی تصدیق کر دی۔ وائٹ ہاؤس اور سی آئی اے کی جانب سے اس ملاقات پر تبصرے سے گریز کیا گیا۔ ادھر مولوی محمد نبی عمری کو امارت اسلامی نےصوبہ خوست کا گورنر مقرر کردیا۔ مولوی محمد نبی عمری نے بدنامِ زمانہ گوانتاناموبے کی جیل میں 12سال قید کاٹی۔ قبل ازیں ایران نے طالبان کی درخواست پرافغانستان کوپیٹرولم مصنوعات کی برآمدات دوبارہ شروع کر دی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے ایران کو پیغام بھیجا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات جاری رکھ سکتے ہیں جس کے بعد ایران نے پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات شروع کر دی ہیں۔