شہباز گل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

شہباز گل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
تحریک انصاف کے رہنما اور بغاوت کے لئے اکسانے کے مقدمے میں زیر حراست شہباز گل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیرحراست تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل شہباز گل فیصل چوہدری اور پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ اخراج مقدمہ کی درخواست ہے، اخراج مقدمہ سے متعلق 2012 کا سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ بھی ہے، آپ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو دیکھ لیں۔ شہبازگل کے وکیل شعیب شاہین نے شہباز گل کے ٹرانسکرپرپٹ کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہائی کورٹ آرڈر کی مصدقہ نقول بھی فراہم کی جائیں۔ پراسیکیوشن نے بھی اضافی دستاویزات جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ میں اگلے دو ہفتے دستياب نہیں ہوں۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔