پنجاب میں مون سون کا نیا سپیل،پی ڈی ایم اےنےالرٹ جاری کردیا

پنجاب میں مون سون کا نیا سپیل،پی ڈی ایم اےنےالرٹ جاری کردیا
کیپشن: پنجاب میں مون سون کا نیا سپیل،پی ڈی ایم اےنےالرٹ جاری کردیا

ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مزید مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آج مختلف شہروں میں بارش ہونے کی پیشگوئی کر دی۔

تفصیلا ت کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سپیل 25 اگست سے شروع ہوگا جو کہ 29 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں موسلا دھار بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، کوہ سلیمان و کیرتھر رینج میں شدید بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا اندیشہ ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کمشنرز، ڈی سیز، واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی انتظامیہ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا کہ چہلم کے موقع پر ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ خصوصی اقدامات کرے، خستہ حال چھتوں و عمارتوں میں محافل کے انعقاد سے گریز کریں، کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، جنوب مشرقی /وسطی سندھ، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا اور جنوب مشرقی سندھ میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، سرگودھا، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا 

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مہمند، خیبر، باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور اور کوہاٹ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب، بارکھان اورگرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مٹھی، تھر پارکر، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، خیرپور، دادو اور جامشورو میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران مٹھی، تھرپارکر اور میر پور خاص میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

کشمیر

کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر گرج چمک اور بارش ہونے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

Watch Live Public News