اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اداروں کو حدود میں رہنا ہوگا، پی ڈی ایم کی قیادت اب مزید خاموش نہیں رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے زیرصدارت پارٹی کی سینئیر قیادت کا اہم اجلاس ہوا، مشاورت میں مولانا عبدالغفورحیدری، اکرم درانی، مولانا اسعد محمود، سینیٹر کامران مرتضی شریک ہوئے،اجلاس میں مولانا لطف الرحمان، انجنئیر ضیاءالرحمان، مفتی ابرار احمد بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے بینچ سے متعلق جےیوآئی نے مشاورت کی،سینئیر قانون دان سینیٹر کامران مرتضی نے اجلاس کے شرکاء کو قانونی امور پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اداروں کو حدود میں رہنا ہوگا، پی ڈی ایم کی قیادت اب مزید خاموش نہیں رہے گی۔