لاہور: وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی کابینہ کے حلف اٹھانے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہازی سائز کی کابینہ سپریم کورٹ کے فیصلےکی کھلم کھلاخلاف ورزی ہے، ٹرسٹی وزیراعلیٰ نے اقتدار بچانے کے لیے پنجاب حکومت کے خزانےکا منہ کھول دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر تین میں سے ایک شخص کو وزیر بنادیا گیا ہے، آج کابینہ کا حلف کسی مذاق سےکم نہیں۔ پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ 63 وزرا یاوزیرکے برابر مراعات دے کر ٹرسٹی وزیراعلیٰ سپریم کورٹ کے حکم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ حلف برداری اور کابینہ کا یہ سائز بھی ان حکمرانوں کو نہیں بچا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ غیرآئینی اقدامات کے مرتکب حکمرانوں پر توہین عدالت بھی لگنی چاہیے۔ اس سے قبل وزیر اعلی حمزہ شہباز کی کابینہ نے آج گورنر ہاؤس لاہور میںحلف اٹھا لیا ہے،حلف اٹھانے والوں میں مجتبٰی شجاع الرحمان، عمران نذیر، بلال یاسین، سیف الملوک کھوکھر شامل ہیں ۔پیپلزپارٹی کے حسن مرتضٰی، علی حیدر گیلانی، مخدوم عثمان محمود بھی کابینہ میں شامل ہیں ، اس کے علاوہ اویس لغاری، عطا تارڑ، ملک احمد ، اقبال خان نے بھی حلف اٹھا لیا۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز 22 جولائی کو وزیر اعلی پنجاب منتخت ہوئے تھے، تاہم ان کے مخالف امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔جس کے بعد گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پیر تک ٹرسٹی وزیراعلیٰ رہنے کا حکم نامہ جاری کیا۔