چین نے پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض فراہم کر دیا

چین نے پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض فراہم کر دیا
اسلام آباد: چین نے پاکستان کو دو ارب 30 کروڑ ڈالر قرضہ دے دیا، وزیر خزانہ نے رقم اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کی تصدیق کردی۔ مفتاح اسماعیل کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ چینی بینکوں کے کنسورشیم نے تقریباً 2.3 بلین ڈالر کا قرض آج اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کر دیا گیا ہے، جس سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ تمام سیکٹرز پر 4 فیصد سپر ٹیکس لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 13 مخصوص سیکٹرز کے لیے سپر ٹیکس 6 فیصد زیادہ لگایا گیا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ان مخصوص 13 سیکٹرز کے لیے سپر ٹیکس 10 فیصد لگایا گیا ہے، اس طرح ان سیکٹرز پر ٹیکس 29 فیصد سے 39 فیصد ہو جائے گا۔وفاقی وزیرِ خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ٹیکس بجٹ خسارے میں کمی کے لیے ایک بار لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آج وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا۔ا نہوں نے بتایا کہ سیمنٹ، اسٹیل، شوگر انڈسٹری، آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، بینکنگ انڈسٹری، ٹیکسٹائل، آٹو موبل انڈسٹری، کیمیکل، بیوریجز پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگے گا، عام آدمی کو ٹیکس سے بچانے کے لیے صنعتوں پر یہ ٹیکس لگایا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ سالانہ 15 کروڑ روپے سے زائد کمانے والے کی آمدن پر 1 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا، 20 کروڑ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر 2 فیصد، 25 کروڑ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر 3 فیصد اور 30 کروڑ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر 4 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔