حکومت نے تحریک انصاف کے اسلام آباد لانگ مارچ کو سختی کیساتھ روکنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور سیکیورٹی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اٹھائے جانے والے ایسے ہتھکنڈے ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر غیر قانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکتے ہوئے ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی قسم کی اشتعال انگیزی یا تشدد پر قانون حرکت میں آئے گا۔ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔ عوام کا تحفظ اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ مفاد عامہ کیلئے تمام راستے کھلے رکھیں گے۔ جبکہ سپریم کورٹ کے دھرنے سے متعلق فیصلوں پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔