علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 28 فیصد اضافہ

علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 28 فیصد اضافہ
اسلام آباد: (اے پی پی) علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق افغانستان، چین، بنگلا دیش، سری لنکا، انڈیا، نیپال اور مالدیپ کو جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 1.279 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں جو اس عرصہ میں مجموعی ملکی برآمدات کا 13.21 فیصد بنتا ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستانی کی کل برآمدات 9.681 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ پڑوسی اور علاقائی ممالک میں سب سے زیادہ برآمدات چین کو ہوئیں۔ بنگلا دیش اور افغانستان اس فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں چین کو پاکستانی برآمدات میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 65.21 فیصد اضافہ ہوا۔ اس مدت میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 763.57 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 462.26 ملین ڈالر تھا۔ اسی طرح بنگلا دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 242.51 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.84 فیصد زیادہ ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کے حجم میں گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 46.47 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے لے کر اکتوبر 2021ء تک کی مدت میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 158.72 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال کی اسی مدت میں 296.56 ملین ڈالر تھا۔ اسی طرح سری لنکا کو پاکستانی برآمدات میں 67.13 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاری مالی سال کے چار ماہ میں سری لنکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 108.90 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال کی اسی مدت میں 65.16 ملین ڈالر تھا۔ اسی طرح نیپال کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 108.21 فیصد اور مالدیپ کو پاکستانی برآمدات میں 41.16 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سات علاقائی ممالک سے 5.568 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی ہے جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 48.94 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 3.738 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی تا اکتوبر تک کی مدت میں چین سے 5.408 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 50.47 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہیں۔

Watch Live Public News