پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کو صوبے کی پولیس دینے سے انکار کردیا ہے۔ وفاق کو پولیس فورس دینے کے معاملے پر معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کی پولیس فورس وفاق کو نہیں دے سکتی،صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کی یہاں زیادہ ضرورت ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پاکستانی شہریوں کا اسلام آباد میں داخلہ روکنے کے لیے پولیس فورس استعمال کرنا چاہتا ہے، وزیر داخلہ اپنی ڈیڑھ اینٹ کی حکومت بچانے کے لئے خیبرپختونخوا کی پولیس مانگ رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت اپنی پولیس شہریوں پر تشدد کے لیے نہیں دے سکتی۔ خیال رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے چند روز پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لیے صوبوں سے پولیس مانگی ہے، اگر صوبوں نے پولیس فراہم نہ کی تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔