سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے بیان میں کہا ٹریفک وارڈنز اور پیٹرولنگ پولیس کا رسک الاؤنس ڈبل کر دیا ہے جبکہ ایک لاکھ نوکریوں کا بھی اعلان کر رہا ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ میرے دل کے قریب رہا ہے، پہلی دفعہ وزیر اعلیٰ بنا تھا تو میٹرک تک تعلیم مفت کی اور اب بی اے تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ کتابیں بھی مفت دی جائیں گی۔جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع میں لڑکیوں کو 300 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سیلاب میں آرمی کے بعد سب سے زیادہ کام ریسکیو 1122 نے کیا، ریسکیو 1122 کو مزید گاڑیاں دیں گے اور ان کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والی امداد میں وفاق نے پنجاب کو کچھ نہیں دیا اور ٹیلی تھون کے ذریعے ڈھائی ارب روپیہ اکٹھا ہوا جو تمام متاثرین کو دیں گے۔ پرویز الہیٰ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹریفک وارڈنز اور پیٹرولنگ پولیس کا رسک الاؤنس ڈبل کر دیا ہے جبکہ ایک لاکھ نوکریوں کا بھی اعلان کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سٹی بس سروس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔ کسانوں کے لیے بھی بہت بڑا پیکج لے کر آ رہے ہیں انہیں سولر پلانٹ دیں گے۔