سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سفارتی سائفر گمشدگی کیس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد میں قائم آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ سائفر کیس کی سماعت میں ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں سابق وزیر خارجہ کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کو 19 اگست کو ایف آئی اے نے سائفر کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، اور انہیں گرفتاری کے بعد ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر منتقل کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے شاہ محمود کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں دوسری پیشی پر شاہ محمود قریشی کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا تھا۔