نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ”لاہورگلوبل ویلج“کے منفردپراجیکٹ کو لانچ کردیاگیا

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ”لاہورگلوبل ویلج“کے منفردپراجیکٹ کو لانچ کردیاگیا
لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ”لاہورگلوبل ویلج“کے منفردپراجیکٹ کو لانچ کردیاگیا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب اور ایل ڈی اے کے اشتراک سے 5برس سے رکے ہوئے منصوبے واک اینڈ شاپ ایرینا کو ”لاہورگلوبل ویلج“ کے نام سے شروع کر دیاگیا، ایل ڈی اے اور سی بی ڈی کے اشتراک سے ”لاہورگلوبل ویلج“کی مارکیٹنگ کے لئے سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ”لاہورگلوبل ویلج“کی سرمایہ کاری کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی تھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ”لاہورگلوبل ویلج“ کی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”لاہورگلوبل ویلج“میں انویسٹرکو پہلے6سے 8ماہ فری دیں گے۔ 31دسمبر تک لاہور گلو بل ویلج کا افتتاح ہونے پر ایک ماہ مزید فری دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سینٹر ل بزنس اتھارٹی کو اگلے پانچ ماہ میں 1بلین ڈالر کاہدف دیاگیا ہے۔ ایل ڈی اے کو500ملین ڈالرکی بیرونی سرمایہ کاری لانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ 5،6سال سے بند پڑے النہان سینٹر پراجیکٹ کو بھی دوبارہ شروع کررہے ہیں۔ النہان سینٹر کے حکام سے ملاقات میں اگلے پانچ چھ ماہ میں پراجیکٹ شروع کرنے پراتفاق ہوا ہے۔ نگران وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سینٹر ل بزنس اتھارٹی لاہورکے بعد ملتان،راولپنڈی اوردیگر شہروں میں کام کا آغاز کرے گی۔ ”لاہورگلوبل ویلج“کوہر صورت کامیاب پراجیکٹ بنانا ہے۔ توقع ہے کہ سی بی ڈی ”لاہورگلوبل ویلج“پراجیکٹ کو کامیابی سے ہمکنا رکرے گا۔ لاہور گلوبل ویلج شہر لاہور کو نئی پہچان دیگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور گلوبل ویلج ایک شاہکار ہوگا جو ثقافت، تفریح اور تجارت کو ہم آہنگ کرے گا، یہ عمارت کھنڈر بن رہی تھی،میں نے منصوبہ دیکھا اوراسے سرمایہ کاروں کیلئے اوپن کرنے کا فیصلہ کیا۔ ”لاہورگلوبل ویلج“کا معیار یورپ اوربرطانیہ کے آؤٹ لیٹ مالز کے برابر ہے، سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ”لاہورگلوبل ویلج“بہت اعلی پراجیکٹ ہے،اس میں کوئی کمی نہیں۔ ”لاہورگلوبل ویلج“شہر بلکہ صوبہ بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد آؤٹ لیٹ مال ہے۔ ایل ڈی اے کے اس پراجیکٹ کی سی بی ڈی مارکیٹنگ کررہی ہے۔ سینٹرل بزنس اتھارٹی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طرز پر ون ونڈو آپریشن کی سہولت دے گی۔ تمام انویسٹر ”لاہورگلوبل ویلج“ سے متعلق معاملات سی بی ڈی سے طے کریں گے۔ ایل ڈی اے کی اپنی فیلڈ میں پیشہ ورانہ مہارت سے انکار نہیں لیکن مارکیٹنگ سی بی ڈی کا شعبہ ہے۔ میں سمجھتا ہوں سی بی ڈی ”لاہورگلوبل ویلج“کی مارکیٹنگ کے امور کو اچھے طریقے سے سرانجام دے گی۔ تقریب سے چیف سیکرٹری اور سی بی ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انویسٹرز کے سوالات کے جواب دیئے۔ صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،مختلف محکموں کے سیکرٹریز،کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے،سی بی ڈی اے کے چیف ایگز یکٹو آفیسراورسرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔