اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ارشد شریف واقعے کی عدالتی کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کرائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کینیا میں نامور صحافی ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعے پر میری کینیا کے صدر سے بات ہوئی تھی۔ کینیا کے صدر نے اس واقعے پر میرے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعے کی عدالتی کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کرائیں۔ اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے لئے درخواست دیں گے۔ کابینہ سے بھی اس فیصلے کی باقاعدہ توثیق کرائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب کے لیے اس انتہائی افسوس ناک واقعے کی بے لاگ اور شفاف تحقیق ہوگی اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم نے یہ فیصلہ مرحوم ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے اصل حقائق کے تعین کے لئے کیا گیا ہے۔